اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثنا اللّٰہ نے کہا ہے کہ 14 دسمبر کے بعد 54 دن جمع کرلیں الیکشن کی تاریخ نکل آئے گی۔جمعہ کو (ن )لیگی وفد نے چیف الیکشن کمشنر اور ممبران سے ملاقات کی جس کے بعد سیاسی رہنماو¿ں نے میڈیا سے گفتگو کی۔مسلم لیگ (ن )کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کروانے کا پابند ہے، الیکشن کمیشن کی دعوت پر آنے والے انتخابات سے متعلق امور پر بات چیت کی، الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریوں پر بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سیاسی جماعتوں سے ضابطہ اخلاق شیئر کریں گے، 2018 والی شکایت کے ازالے کے لیے الیکشن کمیشن مو¿ثر اقدامات کرے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ خواتین کی نشستیں بڑھانے سے متعلق بھی الیکشن کمیشن کو کہا گیا ہے، آئندہ الیکشن آئین اور قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کروائے گا۔(ن )لیگی رہنما نے کہا کہ آئندہ انتخابات ملک کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گے، ووٹرز کے اندارج کے لیے الیکشن کمیشن تاریخ کا اعلان کرے۔اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ بولے کہ حلقہ بندیاں 14 دسمبر سے پہلے مکمل کرنا ممکن ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ حلقہ بندیوں کے عمل کو تیز کرنے کی تجاویز دی ہیں ۔ سابق وزیر نے کہاکہ الیکشن میں پیسے کے استعمال کو روکنے کیلئے موثر ضابطہ اخلاق مرتب کیا جائے۔