اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی سے پاکستان علماءکونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے ملاقات کی جس میں سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں مولانا طاہر اشرفی نے مرتضی سولنگی کو نگران وفاقی وزیر اطلاعات کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک پیش کی ۔نگران وزیراطلاعات مرتضی سولنگی سے مولانا طاہر اشرفی نے سانحہ جڑانوالہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ نگران وزیراعظم نے جڑانوالہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے، ایسے رویے برداشت نہیں کریں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ متاثرہ گرجا گھروں اور متاثرہ شہریوں کے مکانات کی تعمیر وبحالی کاعمل جاری ہے۔انہوںنے کہاکہ نگران حکومت آئین اور قانون کے مطابق تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ پر یقین رکھتی ہے،۔مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ کسی کو انتہاءپسندی اور لاقانونیت کی آگ نہیں بھڑکانے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اقلیتوں خاص طورپر مسیحیوں نے قیام پاکستان میں اہم کردار ادا کیا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہاکہ سانحہ جڑانوالہ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی پرنگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی کے فوری اقدامات قابل تعریف ہیں۔