کراچی(نمائندہ خصوصی) سندھ ہائیکورٹ نے نگران وزیراعلی سندھ مقبول باقر کی تعیناتی کے خلاف درخواست کوناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی ہے۔جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں میں نگران وزیراعلی سندھ مقبول باقر کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی عدالت نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔سندھ ہائیکورٹ نے درخواست مسترد کرنے کا مختصر حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں دیاجائے گا۔درخواست گزار ابراہیم ابڑو ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اپنایا کہ جسٹس(ر) مقبول باقر 4 اپریل 2022 کو سپریم کورٹ سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں، آرٹیکل 207 کے تحت مقبول باقر نگران وزیر اعلی نہیں بن سکتے۔چیف جسٹس احمد علی شیخ نے کہا کہ مقبول باقر سپریم کورٹ کے جج ریٹائرڈ ہوئے ہیں، احترام سے بات کریں، بتایا جائے کس قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟۔درخواست گزار نے کہا کہ مقبول باقر 2 سال تک کسی منافع بخش عہدے پر تعینات نہیں ہوسکتے ہیں، مقبول باقر ریٹائرمنٹ کے 2 سال مکمل کیے بغیر نگراں وزیر اعلی نہیں بن سکتے۔جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ درخواست گزار غلط قانون بتا رہے ہیں، وہ پاکستان سروسز رولز دیکھیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ مقبول باقر کی بطور نگران وزیراعلی سندھ تعیناتی آرٹیکل 207 کی خلاف ورزی ہے، مقبول باقر کو بطور نگران وزیر اعلی کام کرنے سے روکا جائے۔چیف جسٹس احمد علی شیخ نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔