کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے ٹمبر مارکیٹ میں عملے سے بدسلوکی پر کے الیکٹرک نے قانونی کارروائی کا اعلان کردیا۔اس ضمن میں ترجمان کے الیکٹرک اویس منشی نے کہاکہ ٹمبر مارکیٹ میں ہمارا عملہ نادہندگان کی بجلی منقطع کرنے گیا تھا، مارکیٹ عہدیداروں کے رویے مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ادارے یا عملے پر حملہ کسی صورت قابل قبول نہیں، قانونی کارروائی کریں گے۔کے الیکٹرک حکام نے کہاکہ اشتعال اور تشدد سے صورت حال بہتر نہیں ہوگی، کسی بھی ادارے کے ساتھ غیر اخلاقی رویہ قابل مذمت ہے۔اویس منشی نے کہا کہ بجلی چوری اور بلوں کی ادائیگی کے بغیر متواتر بجلی کی فراہمی ممکن نہیں، پورے ملک میں بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے گفتگو کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی کی قیمتوں کا تعین نہیں کرتا، حکومت اور نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتیں تعین کی جاتی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل کے الیکٹرک ٹیم ٹمبر مارکیٹ کی بجلی کاٹنے کے لئے پہنچی تھی اس دوران دکانداروں نے کے الیکٹرک عملے پر تھپڑوں کی بارش کردی تھی اور عملے کو یرغمال بنا لیا تھا۔صدر ٹمبر مرچنٹ گروپ شرجیل گوپلانی نے کہاکہ کے الیکٹرک کا عملہ مارکیٹ کی بجلی کاٹنے لگا تھا، کے الیکٹرک عملہ دکانوں کے میٹر اور جمپر کاٹنے میں مصروف تھا۔