کراچی(نمائندہ خصوصی)نگراں وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران صوبے میں زندگی بچانے والی ادویات کی کمی پر برہمی کا اظہار کیاہے۔ نگراں وزیر اعلی سندھ نے صوبے بھر کے تمام اسپتالوں اور مارکیٹوں میں غیر معیاری ادویات کی فروخت پر کارروائی کا حکم جاری کر دیا۔انہوں نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز سے ٹیلی فونک رابطے کے دوران اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں معیاری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔صوبائی نگراں وزیر اعلی سندھ نے کہاکہ محکمہ صحت کے متعلقہ افسران میڈیسن مارکیٹس میں انسپیکشن یقینی بنائیں، ڈینگی اور ملیریا کی روک تھام کے لئے مزید اقدامات کیے جائیں اور تمام بلدیاتی ادارے اپنے متعلقہ علاقوں میں مچھر مار اسپرے لازمی کرائیں۔انہوں نے زندگی بچانے والی ادویات کی کمی پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اسپتالوں اور مارکیٹوں میں دواں کی کمی کی وجہ ذخیرہ اندوزی ہے یا کوئی کچھ اور۔جسٹس (ر)مقبول باقرنے کہاکہ محکمہ صحت جعلی ادویات کی فروخت کرنے والے متعلقہ عناصر کے خلاف کارروائی کرئے، انسانی زندگی سے کھیلنے والے کسی عناصر کو نہیں بخشا جائے گا۔