کراچی (کامرس رپورٹر)مالی سال کے پہلے ماہ درآمدات کا حجم 3 ارب 70 کروڑ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔ کاروباری سرگرمیوں میں سست روی کی وجہ سے جولائی میں درآمدی بل میں ایک ارب 28 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات، خوراک اور مشینری کی درآمد میں کمی آئی جبکہ موبائل فونز، گاڑیوں، پام آئل اور گیس سمیت بعض اشیا کی امپورٹ بڑھ گئی۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 24-2023 کےپہلے ماہ درآمدی بل میں 25.62 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، درآمدات 4 ارب 98 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر3 ارب 70 کروڑ ڈالر پر آگئیں۔اعداد وشمار کے مطابق پٹرولیم، خوراک، مشینری، ٹیکسٹائل، زرعی سامان کی درآمد گر گئی، لوہے، اسٹیل، کپاس، گندم، ٹیکسٹائل مشینری، دالوں، طبی سامان کی درآمد میں بھی کمی ہوئی ہے۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق پٹرولیم کا درآمدی بل جولائی 2022 کی نسبت 37 فیصد کم، 79 کروڑ ڈالر پر آگیا جو جولائی 2022 میں 1 ارب 43 کروڑ ڈالر، جون 2023 میں 1 ارب 63 کروڑ ڈالر تھا۔خوراک کا درآمدی بل 18 فیصد کمی کے ساتھ 62 کروڑ 48 لاکھ ڈالر پر آگیا، جولائی 2022 میں 76 کروڑ 31 لاکھ، جون 2023 میں 55 کروڑ 67 لاکھ کی درآمدات کی گئی تھی۔ مشینری کی درآمد 21.36 فیصد کمی سے 49 کروڑ 34 لاکھ ڈالر رہی۔رپورٹ کے مطابق موبائل فون کی درآمد میں 75.59 فیصد اضافہ، 6 کروڑ 81 لاکھ ڈالرکے امپورٹ ہوئے۔ موبائل فون کی درآمد پر 19 ارب روپے سے زیادہ رقم خرچ کی گئی۔ موٹر کاروں کی درآمد میں 34.17 فیصد اضافہ، 7 کروڑ ڈالر سے زیادہ کی درآمد ہوئیں۔ٹیکسٹائل کی درآمد میں 20.86 فیصد کمی، حجم درآمدی بل 24 کروڑ 47 لاکھ ڈالر رہا، زرعی سامان 10 فیصد، سونے، چاندی سمیت دھاتوں کی درآمد میں 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، قدرتی گیس، پام آئل، دالوں، پلاسٹک میٹریل، طبی سامان، لوہے اسٹیل کی درآمد بڑھ گئی۔