کراچی (نمائندہ خصوصی) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اپنے دورہ کراچی کے دوران گورنر ہاوس پہنچے اس موقع پر انہوں نے باہر لگی امید کی گھنٹی کا جائزہ بھی لیا۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ جو دورہ کراچی کے دوران گورنر سندھ ہاوس پہنچے تو وہاں انہوں نے ہاوس کے باہر لگی امید کی گھنٹی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے انہیں اس گھنٹی کے مقاصد سے آگاہ کیا۔نگراں وزیراعظم نے گورنر سندھ کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کامران ٹیسوری کا عوامی فلاح کے کام جاری رکھنا قابل ستائش عمل ہے۔اس موقع پر گورنر سندھ نے نگراں وزیراعظم کو بتایا کہ تین ماہ قبل گورنر ہاوس کے باہر امید کی گھنٹی لگائی گئی ہے جس کا مقصد عوام کے مسائل سننا اور ان کو حل کرنا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 50 ہزار سے زائد خاندان ان سے راشن اور دیگر مسائل کے حل کے لیے رابطہ کر چکے ہیں جب کہ 15 ہزار سے زائد خاندانوں کے روزگار سمیت بجلی، گیس اور دیگر مسائل کا ازالہ کیا جا چکا ہے۔