کراچی (نمائندہ خصوصی) میئر کراچی مرتضی وہاب نے نامکمل گلستان جوہر انڈر پاس کا افتتاح کردیا، 1100 میٹر طویل انڈرپاس عوام کیلئے کھول دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق میئر کراچی مرتضی وہاب نے نامکمل گلستان جوہر انڈر پاس عوام کے لئے کھول دیا، میئرکراچی اورڈپٹی میئر نےموٹر سائیکل پرانڈر پاس کامعائنہ بھی کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تین اہم منصوبوں پر2.1ارب روپے کی لاگت آئی، گلستان جوہر چورنگی پر انڈرپاس کا افتتاح کر رہے ہیں، انڈرپاس 1100میٹر لمبا اور 19میٹر چوڑا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو، مراد علی شاہ اور ناصر شاہ کاشکرگزار ہوں۔مرتضی وہاب نے کہا کہ یہ علاقہ کنٹونمنٹ بورڈفیصل کاہے لیکن پیپلزپارٹی بلاتفریق کام کرنے پریقین رکھتی ہے، اختیارات کا رونانہیں روتی۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ انڈرپاس کھولنا ضروری تھا تاکہ سروس لین پر کام کرسکیں ، جوہر چورنگی انڈر پاس کے اطراف سروس لین بھی ٹھیک کرکے دیں گے۔انہوںنے کہا کہ اگلے60روزمیں بہت سارے منصوبے مکمل ہونے کے قریب ہیں، اب ایک کے بعد ایک افتتاحی فیتے کٹیں گے۔مرتضی وہاب نے بتایا کہ ماضی میں جو لوگ تھے اگر وہ کام کرتے تویہ حالات نہ ہوتے، ت سے صرف تنقیدنہیں ترقی اور تعمیربھی ہے۔انھوں نے بتایا کہ سفاری پارک اور چڑیاگھر کراچی میں ترجیحی فہرست میں ہیں ، سفاری پارک اور چڑیاگھر کی بہتری کیلئے ٹیم بیرون ملک سے آرہی ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ ناتھاخان پل پرکام چل رہاہے میرے لئے کہناآسان تھاکہ اختیارات نہیں لیکن ناتھاخان کے نیچے کے انڈرپاس پرکل سے کام شروع کردیا جائےگا۔