اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم ہاؤس میں پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں عسکری حکام نے شرکاء کو ملکی سلامتی کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی سے متعلق اجلاس میں قومی، پارلیمانی و سیاسی قیادت نے شرکت کی، اجلاس میں ارکان قومی اسمبلی وسینٹ اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔
ذرائع کے مطابق شرکاء کو کالعدم ٹی ٹی پی سے ہونے والے مذاکرات پر اعتماد میں لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سکیورٹی صورتحال پر پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دی گئی، اجلاس میں ملکی سلامتی اور امن و امان کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا، افغانستان کی صورت حال پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔