کراچی (نمائندہ خصوصی)شہر قائد میں انتظامیہ کی غفلت کے باعث 68 افراد مین ہولز میں گر کر جاں بحق ہوئے۔کراچی میں کھلے مین ہولز کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں جب کہ ان ہولز کی وجہ سے 2023 کے 8 ماہ میں 68 جانیں ضائع ہوچکی جس پر شہری انتظامیہ کو دہائی دیتے نظر آئے ہیں۔شہر میں اب بھی مختلف علاقوں میں مین ہولز کا یہ ہی حال دیکھا جا رہا ہے، صدر، لائنز ایریا، لیاقت آباد اور تین ہٹی میں کھلے مین ہولرز موجود ہیں جن پر کئی اموات کے باوجود ڈھکن نہیں آسکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف بچے ہی نہیں بلکہ خواتین بھی ان مین ہولز کا شکار ہوچکی ہیں، لہذا ان مین ہولز کو ڈھکا جائے تاکہ مزید کوئی جانی نقصان نہ اٹھانا پڑے۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی کے علاقے میمن گوٹھ جاموٹ پاڑہ میں تین سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا تھا۔