کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کے نائب وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر الحسن المناکھرا بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات، باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، حج و عمرہ کے لئے سعودی عرب جانے والے پاکستانی شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر بھی بات چیت کی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کئی عشروں پر محیط ہیں، جبکہ مقامات مقدسہ کے باعث پاکستانی عوام کو سعودی عرب سے خاص عقیدت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی اخوت پاک سعودی عرب تعلقات کی بنیاد ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور مدد کی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے سعودی سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں۔ سعودی عرب کے سفیر نواف سعید اے المالکی نے کہا کہ پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ کے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات مثالی ہیں۔