اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی)نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے ، پولیو کا خاتمہ حکومت میں ان کی بنیادی ترجیحات میں نمایاں طور پر شامل ہوگا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے پاکستان پولیو پروگرام کے دورہ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صحت افتخار علی شلوانی وزیر صحت کے ہمراہ تھے۔ ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق نگراں وفاقی وزیر صحت نے قومی ایمرجنسی آپریشنز سنٹر کے سٹاف سے ملاقات کی۔ پولیو کوآرڈینیٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے نگراں وفاقی وزیر کو پولیو کی موجودہ صورتحال پر بریف کیا۔ نگراں وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، پولیو کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی جارہی ہے ، پولیو کا خاتمہ حکومت میں ان کی بنیادی ترجیحات میں نمایاں طور پر شامل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، والدین اس مشن کی تکمیل میں ہمارا ساتھ دیں، والدین کی مدد کے بغیر یہ جنگ نہیں جیتی جا سکتی ، بچوں کو مستقل معذوری سے بچانا ہمارا مذہبی اور اخلاقی فرض ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ندیم جان کو بہترین کارکردگی پر تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ہے ۔