اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعظم انوارالحق کا کڑ نے کہا ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا ، سانحہ نومئی انتہائی قابل مذمت ہے ،سانحہ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں گے مقررہ مدت میں ملک میں ترقی کی بنیاد رکھنے کے لئے بھر پور محنت کریں گے ، کشمیر ہماری رگوں میں بستا ہے اورمسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے کےلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ ملکی اور غیر ملکی سطح پر وعدوں کو پورا کیا جائیگا ۔ کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے کہا کہ میری کابینہ بہترین اور تجربہ کارٹیم پر مشتمل ہے جس پر مجھے فخر ہے ،ٹیم کے ہر رکن کے ساتھ کسی نہ کسی معاملے پر بات ہوئی ہے اور سب کارکردگی دکھانے کے لئے پر عزم ہیں ۔ یقین ہے اللہ تعالیٰ ہمیں سرخرو کرے گا اور تمام وزرا سے امید کرتا ہوں وہ اپنی اپنی وزارتوں میں بھرپور کردار اداکریں گے۔ہم علامہ اقبال اور قائداعظم کے وژن پر عمل کرکے پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں گے اور مقررہ مدت میں ملک میں ترقی کی بنیاد رکھنے کے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے ۔ ملکی اور غیر ملکی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے ۔ بلوچستان میں وسیع پیمانے پر معدنی ذخائر موجود ہیں جو ملک کی ترقی کے لئے استعمال کئے جاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا سانحہ نو مئی کو فراموش نہیں کیا جا سکتا اسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔سانحہ 9مئی میں ملو ث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔نگران وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا ۔ رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہو گی ۔ قدامت پسند رحجانات کی حوصلہ شکنی کی جائیگی، معاشی مسائل کے حل کے لئے بہترین اقدامات کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ نہیں ہے، اقلیتوں کو بھر پور تحفظ دینا ہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری رگوں میں بستا ہے اورمسئلہ کشمیر کو اجاگرکرنے کےلئے ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ، کشمیری عوام کی خو دارادیت کی حمایت کا عزم بھی دہراتے ہیں ۔انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ابھی ملک کا ماحول تقسیم شدہ ہے، ہمیں سیاست اور قانون میں فرق کرنا ہو گا، اگر انارکی ہوگی تو کوئی گورننس، سیکولر اور مذہبی نظام نہیں چل سکے گا، پاکستان تمام مذاہب اور نسلوں کا ملک ہے، حقوق نام پر نہیں کردار اور روئیے پر دیے جائیں گے۔