کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ 26 جون 2022ء کو چار ڈویژنوں کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوران امن و امان کو برقرار رکھتے ہوئے تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کو بلدیاتی انتخابات کے دوران اسلحے کی نمائش کے خلاف دفعہ 144 نافذ کرنے کی ہدایت کی اور پولیس سے بھی کہا کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کوئیک ری ایکشن فورس (کیو آر ایف) تعینات کرے۔ یہ ہدایات انہوں نے آج وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان کی صورتحال اور بلدیاتی انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پولیس غلام نبی میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری داخلہ سعید منگنیجو، کمشنر کراچی اقبال میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو اور متعلقہ ڈی آئی جیز نے شرکت کی۔ جبکہ میرپورخاص، لاڑکانہ، سکھر اور میرپورخاص ڈویژن کے کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس سے کہا کہ وہ الیکشن لڑنے والی سیاسی جماعتوں اور گروپوں سے ملاقات کریں اور انہیں ضابطہ اخلاق کے حوالے سے اعتماد میں لیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ تمام 14 اضلاع میں 8724 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے 1985 کو انتہائی حساس، 3448 کوحساس اور 3291 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ کمشنروں اور پولیس کو ہدایت کی کہ وہ امیدواروں اور انکی پارٹی قیادت سے بات کریں تاکہ وہ اپنے حامیوں/کارکنوں کو کنٹرول میں رکھیں۔انہوں نے کہا کہ اگر امیدوار تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو سمجھیں تو حساس ترین پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد کم ہو جائے گی۔ آئی جی پولیس غلام نبی میمن نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر حساسیت کے پیش نظر 26545 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 1985 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 9925 پولیس اہلکار، 3448 حساس پولنگ اسٹیشنز پر 10344 اور 3291 نارمل پولنگ اسٹیشنز پر 6276 اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق کوئیک ری ایکشن فورس (کیو آر ایف) کے 10644 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، اس لیے مجموعی طور پر تعینات کیئجانے والوں کی تعداد 37189 ہو جائے گی۔ آئی جی پولیس نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر تعیناتی کے لیے 12012 کی پولیس فورس ؛جس میں 300 کراچی، 6607 پولیس ٹریننگ سینٹرز، 305 سی ٹی ڈی، 200 کرائم برانچ، 4100 حیدرآباد اور 500 ایس آر پی شامل ہیں۔ آئی جی پولیس نے کہا کہ الیکشن ڈیوٹی کے لیے 4287 لیڈیز پولیس فورس کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس کو پولنگ ایریاز میں سی سی ٹی وی نصب گاڑیوں کو متحرک کرنے کی ہدایت کی تاکہ سرگرمیوں پر کڑی نگرانی کی جا سکے