کراچی (نمائندہ خصوصی) کے ٹی این اور کاوش سکھر کے بیورو چیف جان محمد مہر قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس تنویر عالم اوڈھو سےکراچی پریس کلب کے وفد نےسیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد کی قیادت میں ملاقات کی،ملاقات میں سیکریٹری لائژن کمیٹی کراچی پریس کلب ثاقب صغیر اور سابق خازن کراچی پریس کلب و چیف رپورٹر کے ٹی این نیوز وحيد راجپر بھی شامل تھے،ڈی آئی جی تنویر عالم اوڈھو سے ملاقات میں کراچی پریس کلب کے وفد نے جان محمد مہر قتل کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے کرپٹ اور با اثر عناصر کرپشن اور لوٹ مار بے نقاب کرنے پر صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں جو حکومت اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے،سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نےڈی آئی جی تنویر عالم اوڈھو سے شفاف تفتیش کرنے،کسی بھی دباؤ کو قبول کیے بغیر اصل قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور لواحقین کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ شہید جان محمد مہر کے لواحقین کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،چیف رپورٹر کے ٹی این نیوز وحید راجپر نے کہا کہ جان محمد مہر کے ورثاء نے قتل میں ملوث مرکزی ملزمان کو نامزد کیا ہے اب تحقیقاتی ٹیم کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ملزمان کی سرپرستی کرنے والوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرے، ڈی آئی جی ٹریفک تنویر عالم اوڈھو نے کراچی پریس کلب کے وفد کو شفاف تحقیقات کرنے اور لواحقین کو انصاف دلانے کے لئے اپنی تمام تر کوششوں بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی۔