لاہور(بیورورپورٹ )
امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے پاکستان میں تعینات ترکی کے سفیر احسان مصطفی یوردکول نے اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔ امیر جماعت اسلامی کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ پاک ترکی تعلقات محض حکومتوں کے مابین ہی نہیں عوامی سطح پر قائم ہیں جو باہمی محبت اور احترام کے رشتوں پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے عوام کے دوران باہمی عزت واحترام کا رشتہ دہائیوں سے قائم ہے۔ انہوں نے کہ پاکستان اور ترکی اسلامی دنیا کے دو اہم ترین ممالک ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک باہمی بلاک تشکیل دے کر اسلامی دنیا کے مسائل اور خصوصی طور پر مسئلہ فلسطین و کشمیر کے حل اور اسلامو فوبیا کے تدارک کے لیے لائحہ عمل تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت بے شمار چیلنجز سے نبردآزما ہے، پاکستان اور ترکی کی ذمہ داری ہے کہ ان مسائل کے حل کے لیے کلیدی کردار اداکریں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کا تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو پاکستان اور ترکی کے نوجوانوں کو قریب لانے کے اقدامات کرنے چاہییں اور اس ضمن میں وفود کے تبادلے بے حد ضروری ہیں۔
امیر جماعت نے ترکش سفیر کو کامیابی سے بطور سفیر مدت پوری کرنے پر مبارکباد دی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر سفیر کی خدمات کو سراہا۔
ترک سفیر نے امیر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انھیں یقین ہے کہ پاک ترکی برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے