ملتان (اسپیشل رپورٹر ) جنوبی پنجاب کی سب سے بڑی یونیورسٹی جامعہ زکریا ملتان میں انتظامیہ کی سربراہی میں فلموں اور گانوں کی شوٹنگ کی جا رہی ہے. اس طرح کا غیر اخلاقی عمل جامعہ کے علمی ماحول اور جامعہ کے تقدس کے اوپر ایک دھبہ ہیں۔ حارث بلوچ ناظم اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ ذکریا نے کہا کہ افسوس اس امر کا ہے کہ انتظامیہ نے شوٹنگ کی اجازت دیتے ہوئے اس بات کو ذہن سے بھلا دیا کہ جامعہ زکریا تعلیم کے حصول کے لیے ہے نہ کہ فلموں اور گانوں کی شوٹنگ کے لیے۔ اسلامی جمعیت طلبہ جامعہ زکریا انتظامیہ کی سربراہی میں ہونے والے اس قبیح فعل کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔
اور انتظامیہ کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور جامعہ کے تقدس کو پامال نہ کرے۔
اس معاملے پر کمیٹی بنائی جائے جو اس معاملے کے اصلی ذمہ داران کو منظر عام پر لائے اور اُن کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ جامعہ زکریا تعلیم کے حصول کے لیے بنی ہے تو اس میں تعلیمی سرگرمیوں کی ہی اجازت دی جائے، اگر مزید کوئی بھی غیر اخلاقی و غیر شرعی عمل کرنے کی سازش کی گئی تو جمعیت اس کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کے کھڑی ہوگی۔