اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کی تشکیل کےلئے مشاورت تیز کردی اوراپنی کابینہ کو مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کی تشکیل کےلئے مشاورت تیز کردی۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے تمام شخصیات کے پروفائل کا خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور انوار الحق کاکڑ نے اپنی کابینہ کو بھی مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق نگران وزیراعظم نے اپنے رفقا سے گفتگو میں کہا کہ معاشی مشکلات کے شکار ملک پر مزید بوجھ نہیں ڈالنا چاہتا، میرا پروٹوکول کم سے کم رکھا جائے، اخراجات اورلوگوں کو تکلیف نہ ہو۔ذرائع کے مطابق نگران کابینہ کےلئے جلیل عباس جیلانی،شعیب سڈل، حفیظ شیخ،احسن بھون، سرفرازبگٹی اور ذوالفقارچیمہ کے نام زیرغور ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیرا طلاعات محمد علی درانی کو وزارت اطلاعات کا قلمدان دئیے جانے کا امکان ہے۔ معروف بینکار سلطان علی الانہ کو نگران کابینہ میں وفاقی وزیر خزانہ مقرر کئے جانے کا امکان ہے،انہوںنے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کردار ادا کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق معروف بینکار سلطان علی الانہ کو نگران کابینہ میں وفاقی وزیر خزانہ مقرر کئے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق سلطان علی الانہ نے پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکالنے میں کردار ادا کیا تھا، انہیں پاکستان میں مائیکرو فنانس کا بانی تصور کیا جاتا ہے۔سلطان علی الانہ نے مینجمنٹ، مکنیکل انجینئرنگ اور مینجمنٹ ٹیکنالوجی میں تعلیم حاصل کی، انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کے ابتدائی دور میں حکومت کے ساتھ مل کر مائیکرو فنانس کا شعبہ متعارف کرایا۔سلطان علی الانہ قرض سے چھٹکارا پانے کےلئے اصلاحات لانے کے داعی ہیں،انہوں نے روپے کی قدر میں کمی اور قرض ٹریپ پر مضامین لکھے۔سلطان علی الانہ نے کیرئیر کا آغاز1985میں سٹی بینک سے کیا اور بعد میں انہوں نے گلوبل سکیورٹیزکے نام سے فرم بنائی۔انہوں نے دو بینکوں میں کام کیا جن میں سٹی بینک اور حبیب بینک شامل ہیں،انہیں 2004میں حبیب بینک کا صدر تعینات کیا گیا۔