کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاہے کہ ہم سب کچھ بن چکے ہیں مگر اچھے پاکستانی نہیں بن سکے۔کامران ٹیسوری نے وزیرِ اعلی سندھ کے ہمراہ مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگوکے دوران کہا کہ 14 اگست پرقوم کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم سب کچھ بن چکے ہیں لیکن اچھا پاکستانی بننے کی ضرورت ہے۔گورنر سندھ نے کہاکہ دیکھنا ہو گا ہم نے اپنی قوم کو کہاں لا کھڑا کیا، ہم قومیتیوں میں بٹ گئے جس کی وجہ مسائل سے دوچار ہیں۔ امید کے ساتھ پاکستان جس راہ پر گامزن ہوا ہے، ہم آگے بڑھنے جارہے ہیں۔ اسمبلیاں ختم ہوچکی ہیں، نگران وزیراعظم کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے نگراں وزیرِ اعظم سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔گورنرسندھ نے آرمی چیف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے معاشی بحران میں بہترین مددفراہم کی ہے۔انہوں نے مزار قائد پر دعا کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے