اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نیب قوانین کیخلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے نیب میں ترمیم ملک پر بمباری سے بھی بڑا جرم کیا ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ نیب ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نیب ترامیم کو اسی ہفتے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا، 26 سال پہلے کہا تھا جس قوم میں کرپشن ہو وہ ترقی نہیں کرسکتی ‘انہوں نے کہا کہ کرپشن کسی بھی نظام کی جڑوں کو کھوکھلا کردیتی ہے، انصاف کے قانون کے بغیر کوئی بھی ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، 26 سال پہلےقانون کی حکمرانی اور انصاف کیلئے تحریک انصاف بنائی، جس ملک میں ایک طبقہ قانون سے اوپر ہو تو وہ تباہ ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیب قانون میں ترمیم پر اعلیٰ عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے، امید ہے سپریم کورٹ معاملے کا نوٹس لے گی، اسمبلی میں نیب ترامیم کرکے ملک کا مذاق اڑایا گیا، جن لوگوں نے نیب قانون پاس کیا وہ انتہائی بے شرم ہیں انہیں بے شرمی پر جیل میں ڈالنا چاہیے، ایک طبقہ قانون سے اوپر ہو تو وہ ملک بنانا ریپبلک بن جاتے ہیں، ملک کے بڑے بڑے مجرموں کو قانون کے نیچے نہیں لاتے تو پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔
عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر کہتا ہے ہم اس لیےآئے تھےکہ عمران خان 100 نئے ججز لگا کر سب کو جیل میں ڈالنے والا تھا، خرم دستگیر نے ایسا تاثر دے رہے ہیں جیسے پاکستان کی عدالتیں آزاد نہیں ہیں
انہوں نے کہا کہ ملک میں فرد واحد کیلئے کوئی بھی قانون سازی نہیں کی جاسکتی، نئی ترمیم کے مطابق کسی کی آمدن سے زائد جائیداد ہے تو نیب کو ثابت کرنا ہوگا، انھوں نے ترمیم کی کہ جعلی اکاؤنٹ میں پیسہ جائز آیا یا ناجائز، نیب ثابت کرے،عمران خان نے کہا کہ نیب ترمیم بل سے آصف زرداری اور مریم نواز بھی بچ جائیں گے، آصف زرداری کا اربوں روپیہ جعلی اکاؤنٹس سے، انھوں نے جو ترمیم کی اس سے آمدن سے زائد اثاثوں والے سارے بچ جائیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ انھوں نے ترمیم کی ہے کہ باہر سے آنیوالی معلومات تسلیم ہی نہیں ہوگی، اس کا مطلب ہے کہ نوازشریف اور اس کی بیٹی پاک صاف ہو کر نکل جائیں گے،
انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ کی تحقیقات کرنےکا اختیار نیب سے لے لیا گیا ہے، اب صرف ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا اختیار ہوگا، اب نیب بھی راناثنااللہ کے نیچے آجائے گی، اب سمجھ سکتے ہیں کہ شہبازشریف اور زرداری کیخلاف رانا ثنا کیا کارروائی کرینگے۔
عمران خان نے کہا کہ نیب میں ترمیم ملک پر بمباری سے بھی بڑا جرم ہے، ساڑھے 3 سال انھوں نے مجھے مسلسل بلیک میل کیا کہ این آراو دے دوں، فیٹف قوانین میں ترامیم پر انھوں نے این آراو لینے کی پوری کوشش کی، اب نیب ترمیم سے انھیں این آراو ٹو مل گیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت غیرملکی ایجنڈا لیکر اپنی چوری بچانے آئی ہے عوام ان کیخلاف نکلے گی، تاریخ کبھی کسی کو معاف نہیں کرتی، جن جن لوگوں نے ان کوہم پر مسلط کیا تاریخ ان کو معاف نہیں کریگی، جن لوگوں نے ان کو ہم پر مسلط کیا تاریخ ان کو معاف نہیں کرے گی۔