راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ اور بلوچستان کے ضلع گوادر میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشنز کرتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک اور 3 کو زخمی کردیا جبکہ گوادر میں فوجی قافلے پر حملہ کرنے والے دو دہشت گرد مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق باجوڑ میں کامیاب آپریشن 12 اور 13 اگست کی درمیانی شب کو کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ کے علاقے چارمنگ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ ایک دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی محمد شعیب نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ سمیت اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل اور خودکش دھماکوں میں سرگرم رہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے اور ملک دشمنوں کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔اس کے علاوہ اتوار کو بلوچستان کے علاقے گوادر میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر شروع کیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ادھر اتوار کو صبح 10 بجے ضلع گوادر میں دہشت گردوں نے فوجی قافلے پر حملہ کیا جس میں چھوٹے ہتھیاروں اور دستی بموں کا استعمال کیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے فوری موثر کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ سیکیورٹی ملک کی خوشحالی اور امن کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔