کراچی( بیورورپورٹ ) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے بڑا چور عمران خان نیازی ہے ۔ وہ بتائیں کہ بی آر ٹی پشاور پر اسٹے آرڈر کیوں لئے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بی آر ٹی پشاور پر سی ایم آئی ٹی رپورٹ میں 7 ارب روپے وصول کرنے کے شواہد ملے تھے ۔ نیب ترامیم کو چلینج کرنے سے قبل عمران خان اپنے اسٹے آرڈر ختم کروائیں ۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ اسٹے آرڈر ختم کئے جائیں اور ایف آئی اے اور نیب سے پشاور بی آر ٹی ، مالم جبہ اور بلین ٹری سونامی اسکینڈلز کی تحقیقات کروائی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا فارن فنڈنگ کیس کو طول دینے کا حربہ ان کے گناہ کو ثابت کرتا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ ثاقب نثار کے دور میں صادق اور امین قرار دینے کے معاملے کو دوبارہ میرٹ پر سنا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں یکم مئی سے 10 جون تک جنگلات میں 454 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے، جس میں بلین ٹری سونامی کا 488 ایکڑ رقبہ جل گیا۔پی ٹی آئی نے اپنی کرپشن چھپانے کے لیے مصنوعی طور پر جنگلات میں آگ لگائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نیب کا سب سے بڑا این آر او عمران خان نے اپنے اسکینڈلز چھپانے کے لیے لیا۔ عمران خان کے دور حکومت میں نیب قوانین میں ترامیم کر کے چینی، گندم، پیٹرول، ایل این جی اور ادویات اسکینڈلز سے اپنی اور اپنے حواریوں کی جان چھڑائی ۔ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو نیب ترامیم پر مناظرہ کا اوپن چیلیج کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترامیم عمران خان نے خود کو اور اپنے حواریوں کو بچانے کے لیے کیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ
عمران خان اگر واقع ایماندار ہیں تو بنی گالا کی فرنٹ ویمن فرح گوگی کو سامنے لائیں۔ فرح گوگی کی وکالت کرنا عمران خان کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ فرح گوگی کو ملک سے فرار کرانے سے ان کی چوری 100 فی صد ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کی گھڑیاں بیچنے اور توشہ خانہ پر ڈاکہ مارنے کا احتساب جلد ہوگا ۔ پی ٹی آئی حکومت کے کرپشن کے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں ۔ عمران خان اور ان کے قریبی ساتھی سرپرائز کا انتظار کریں ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان ملک کے اہم اداروں کے خلاف گھناؤنی سازشیں کر رہے ہیں ۔ ایسا لگ رہا ہے ان میں نریندر مودی کی روح آگئی ہے ۔ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ ہم قومی اداروں کے خلاف سازش کو ملک کے خلاف سازش سمجھتے ہیں ۔ عمران خان جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چید کرتے ہیں۔