لاہور (نمائندہ خصوصی) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی کے 9، داعش کے 4اہم کمانڈرز سمیت 21 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق لاہور، ناروال ،ڈی جی حان ،گوجرانوالہ اور ساہیوال سمیت دیگر شہروں سے گرفتار دہشت گرد خطرناک منصوبہ بندی کر رہے تھے۔حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، پرائما کارڈ ،ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز، ہینڈ گرینڈ اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے 700کومبنگ آپریشنز کے دوران 49مشتبہ افراد گرفتار کیے اور 29ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔ حکام نے کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔