کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی ا یکسپوسینٹر کراچی میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان(ٹی ڈی اے پی)کے زیر انتظام ہونے والی تین روزہ پہلی بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش ہفتے کو کامیابی کے ساتھ ختم ہوگئی ۔ایکسپوسینٹر میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زبیرموتی والا نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں توقع ہے کہ آئندہ 3 ماہ میں 1 ارب ڈالرز یہ ڈیل پہنچ جائینگے، چاول کی خریداری کے آرڈرز بہت زیادہ ملے ہیں،پاکستانی بہت سی کمپنیزنمائش میں شریک تھیں جو اپنی مصنوعات برآمد کررہی ہیں،بھارتی چاول پر پابندی کی وجہ سے پاکستانی چاول کی ڈیمانڈ بہت زیادہ بڑھی ہے،آسیان کے دس ممالک کا وفد اس نمائش میں شریک ہوا ،غیر ملکیوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات بہت اچھی ہیں لیکن پاکستان کی مصنوعات کی دنیا بھر میں مارکیٹنگ نہیں ہوپارہی اور اسی لئے ہم نے فیصلہ کیا کہ اگلے سال بھی یہ نمائش منعقد کریں گے۔زبیرموتی والا نے بتایا کہ 221 سے زائد برآمد کنندگان نے تقریباً 500 سے زائد معیاری مصنوعات کی نمائش کی، 65 ممالک سے 600 سے زائد بین الاقوامی خریداروں نے شرکت کی جن میں عالمی برانڈز نیکو فوڈ، ڈائمنڈ اسٹار، جاپان سے زمینشو ٹریڈنگ، میٹرو، ایمزون اور جرمنی سے ہیلو فریش،ایران سے ویتانا فوڈ اورشانا فوڈ کے خریدار شامل تھے، 150 سے زیادہ خریدار 5000 سے زائد B2B میٹنگزکیں اور10 ایم او یوز پر دستخط کے ساتھ410 ملین امریکی ڈالر کے کاروبار کو حتمی شکل دی گئی۔انہیوں نے بتایا کہ چین، تا جکستان، ترکی، جاپان، آسیان، امریکہ، سینیگال، کینیا، روانڈا، پولینڈ،جرمنی، اٹلی روس، تاجکستان، آسٹریلیا، سعودی عرب اور سری لنکا کے غیر ملکی وفود کے ساتھ اعلی سطحی ملاقاتیں ہوئیں جن میں دوطرفہ خصوصی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انکا کہنا تھا کہ تین روز ہ گلوبل پارٹنرشو کا انعقاد بھی کیا گیا، دنیا بھر کھانے پکانے کے ماہرین نے خاص طور پر پاکستانی اجزاءسے بنائے گئے کھانوں کو تیار کر کے نمائش میں ہونے والے شوکی رونق بڑھا دی ، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے جے پالفری، ممتاز ٹریول بلاگر اسامہ ناصر اور پاکستان کے مشہور فوڈ بلاگر زمیٹا پکی کے ساتھ بھی اس شو کا حصہ رہے۔ زرعی کانفرنس میں وزیر صنعت و سرمایہ کاری پنجاب ایس ایم تنویر بھی شریک ہوئے ۔زبیرموتی والا نے بتایا کہ چاول کی خریداری کے لئیے کارن سیڈز سینی ککڈ فوڈ پولٹری میں خریداروں نے دلچسپی کا اظہار کیا ھے، چائنا سے 188 لوگوں کا وفد شریک ہوا،چار کمپنیوں نے یہاں پلانٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جبکہ چولستان کے پاس ایک لاکھ ایکڑ زمین پر کام شروع کردیا گیا ہے۔