کراچی(بیورو رپورٹ ) محترمہ بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کی تقریب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی بہادری، عظمت اور جدوجہد پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری عظیم رہنما قائد جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کا آج جنم دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو نہ صرف پارٹی کارکنان بلکہ پورے عالم اسلام اور دنیا میں خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قائد شہید محترمہ بینظیر بھٹو ثابت قدمی، جدوجہد اور جمہوریت کی علامت تھیں۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنی کابینہ اراکین کے ساتھ محترمہ بینظیر بھٹو کی 69 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 69 پاؤنڈ کا کیک کاٹا، جس پر “69th Birthday Shaheed Mohtarma Benazir Bhutto” لکھا ہوا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین نے ملکر "ہیپی برتھ ڈے محترمہ بینظیر بھٹو” کا گیت بھی گایا۔ تقریب میں صوبائی وزراء، منظور وسان، ڈاکٹر عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، مکیش کمار چاولہ، اسماعیل راہو، سعید غنی، گیانتچند اسرانی، تنزیلہ امہ حبینہ، ضیاء عباس، وقار مہدی اور دیگر شریک ہوئے