تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر وزیر اعظم کو چاہئے کہ صرف آئینی اور قانونی طریقے پر عملدرآمد کریں اور کیا ہی بہتر ہوگا کہ ملک کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کے لئے حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھ کر قبل ازوقت الیشن پر اتفاق کرلیں۔ انہوں نے یہ بات صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی حکومت دیکھی ہے جو تحریک عدم اعتماد سے نبرد آزما ہونے کے لئے عوام کو اسلام آباد بلارہی ہے حالانکہ معاملہ پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے حل ہونا ہے اور عوام کو سڑکوں پر لانے سے ملک و جمہوریت کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدان عوام کو باہم دست گریباں کرنا چاہتے ہیں اور لاشوں پر اقتدار و سیاست کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ عوام کو چاہئے کہ حکومت و اپوزیشن کی کال پر اسلام آباد نہ جاکر اپنی جان بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی و قانونی طریقے سے ملک کو چلاکر ہی نظام بچایا جاسکتا ہے۔