کراچی (نمائندہ خصوصی)کراچی سمیت ملک بھر میں پاسپورٹ ڈیلیوری میں ایک ماہ سے زائد کی تاخیر ہونے لگی ۔ ذرائع کے مطابق نارمل پاسپورٹ ڈیلیوری 10 دن کے بجائے 30 اور ارجنٹ پاسپورٹ 5 کے بجائے 15 روز میں کی جا رہی ہے اس حوالے سے شہریوں نے بتایا کہ فاسٹ ٹریک کے ذریعے پاسپورٹ ڈیلیوری بھی 2 کے بجائے 5 دن سے زائد میں کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمرہ، ملازمت اور بیرون ملک تعلیم کےلئے جانے والے شہریوں کو پاسپورٹس کی تاخیر سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انتظامی ذرائع کے مطابق پاسپورٹ ڈیلیوری میں تاخیر کی وجہ پاسپورٹ درخواست گزاروں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہے، روزانہ کی بنیاد پر درخواستوں کی تعداد 24 سے 26 ہزار کے بجائے 40 ہزار ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق پاسپورٹ فراہمی میں تاخیر دور کرنے کے لیے پرنٹنگ کا دورانیہ بغیر تعطل 24 گھنٹے کر دیا گیا ہے۔