کراچی (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ زرداری سے دوبارہ دوستی نہیں کرنا چاہتا ہوں، اگر آصف زرداری سے دوستی ہوگئی تو بہت سے لوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سابق رہنما ذوالفقار مرزا کی انسدادی دہشت گردی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرانے دوستوں سے دوبارہ دوستی کیلئے کسی نے کوئی کوشش نہیں کی۔ذوالفقارمرزا نے کہا کہ نہ زرداری سے دوبارہ دوستی کرنا چاہتا ہوں نہ ہی ان کے پاس اتنا وقت ہے، آصف زرداری سے دوستی ہوگئی تو بہت سے لوگوں کی نوکریاں چلی جائیں گی۔الیکشن میں حصہ لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ابھی الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، حکومت کی پرفارمنس کا پتا کرنا ہے تو کسی بھی عام آدمی سے پوچھا جاسکتا ہے۔بدین میں آٹھ سال پہلے اسپتال بنا تھا اب وہاں کوئی سہولت نہیں ہے۔اس سے قبل انسدادی دہشت گردی کی عدالت میں ذوالفقار مرزا کے خلاف بدین میں تھانے پر حملے کیس کی سماعت ہوئی ، استغاثہ کے گواہ کی عدم حاضری پر عدالت نے سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کردی ۔عدالت نے آئندہ سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔