اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے ماضی میں نوجوانوں کی ترقی کی جانب کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں پاکستانی نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان کو رب کریم نے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور وہیں ہماری نوجوان افرای قوت ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام نے مجھے اپنے اعتماد سے اپنی خدمت کی ذمہ داری سونپی، میں نے اپنی تمام تر توانائیاں اس کوشش میں صرف کیں، گزشتہ 15 ماہ میں نوجوانوں کیلیے بین الاقوامی معیار کی تعلیمی سہولیات فراہم کیں۔انہوںنے کہاکہ عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ ورانہ تربیت، لیپ ٹاپس اور آسان قرض فراہم کیے، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں ملک کے معمار ہیں، ان کی ترقی و خوشحالی ملکی ترقی کی ضامن ہے۔