اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ریلوے کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تسلسل کے بیس سال چاہئیں اور ریلوے کو ترجیح دینی پڑے گی، پوری دنیا کے ائیرپورٹس آﺅٹ سورسنگ سے چل رہے ہیں، اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی کامیاب آﺅٹ سورسنگ کے بعد لاہور اور کراچی ائیرپورٹس کی طرف جائیں گے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے وزارت ریلوے اور ہوابازی کے حکام کے ہمراہ گزشتہ پندرہ ماہ کی کارکردگی پر میڈیا بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کسی بھی حکومت نے ریلوے پر وہ توجہ نہیں دی جو اس کا حق بنتا تھا، ایم ایل ون 6.8 ارب ڈالر کا منصوبہ تھا جو چھ سال میں مکمل ہونا تھا، گزشتہ دور حکومت میں تاخیر کے باعث یہ منصوبہ کی لاگت 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، موجودہ حکومت کے منصوبے کے دائرہ کار اور تخمینے سے متعلق چین سے معاملات طے پا گئے جس کے تحت لاگت 6.67 ارب ڈالر ہو گی۔