اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں ہمارا خون بھی شامل ہے،ہماری اپوزیشن نہ ہوتی اور چیئرمین پی ٹی آئی موجود ہوتا تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ریاض نے الوداعی خطاب میں کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنایا،بزدار کے وزیراعلیٰ بننے کے بعد پھر گوگی کی حکومت اور پیرنی کا جادو شروع ہوگیا۔راجہ ریاض نے کہا کہ عثمان بزدار کے دور میں پیسے دے کر ڈی پی او اور ڈی سی او لگتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چیئرمین پی ٹی آئی کے عروج میں اس کی مخالفت کی، جب چیئرمین پی ٹی آئی ملک تباہ کرنے لگے تو ہم نے کردار ادا کیا،اگر ہم نہ ہوتے توملک ڈیفالٹ ہو جاتا۔