اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، سابق حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی،مشکل وقت میں حکومت لے کر معیشت کو سنبھالا، تمام وزراءنے سخت محنت کی، امید ہے عوام ہماری کارکردگی اور مشکلات کو سمجھیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے کہا کہ مشکلات کے باوجود آئی ایم ایف سے ڈیل کی، تمام اتحادی جماعتوں نے بھرپور ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں حکومت لے کر معیشت کو سنبھالا، تمام وزراءنے سخت محنت کی، امید ہے عوام ہماری کارکردگی اور مشکلات کو سمجھیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ 16 ماہ میں ہر ممکن کوشش کی کہ مشکل صورتحال کو بہتر بنائیں، حکومت سنبھالتے ہی سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کرنا پڑا، وفاق اور صوبوں نے سیلاب جیسی آفت سے نمٹنے کیلئے دن رات محنت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ مخلوط حکومت نے 16ماہ میں بھرپور خدمت کی، آپ نے نہیں سوچا کہ سیاست قربان ہوتی ہے، میں اپنے قائد نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری تاریخ کی مختصر ترین حکومت تھی جو 16ماہ رہی، 11 اپریل 2022 کو قومی اسمبلی نے ہم پر اعتماد کیا، مدت پوری ہونے پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت 76 ارب روپے تقسیم کیے، آپ سب نے اپنی سیاست کو قربان کرکے ریاست کو بچایا، چین نے 5 ارب ڈالر کے قرض رول اوور کیے۔شہباز شریف نے کہا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا یہ پاکستان کی تاریخ کا المناک سانحہ ہے، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ پاکستان اور سپہ سالار کے خلاف سازش تھی، پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش تھی۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو سازش چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کی، اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے پاکستان کو اس ناپاک سازش سے بچایا، 9 مئی کو شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی اور بدترین دہشت گردی کی گئی، پتھر دل والا بھی شہیدوں کی بے حرمتی کا نہیں سوچ سکتا۔