کندھ کوٹ ( اسٹاف رپورٹر ) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ڈالرکی اونچی اڑان اورپاکستانی روپے کی مسلسل بے قدری آئی ایم ایف کی غلامی اورناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔پاکستان جب قائم ہواتھاتو ڈالرایک روپے کا تھامگر آج 214روپے کا ہوگیاہے۔حکمران جماعت اوران کی اتحادیوں کا سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے راہ فراراختیار کرنے کی کوشش تشویشناک ہے۔بالائی سندھ میں حالیہ مون سون کے بارشو ں کے بعد ابتر صورتحال نے پیپلزپارٹی کی سندھ میں بلدیاتی کارکردگی کاپول کھول دیا ہے۔سندھ کے عوام26جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اہل ودیانتدارامیدوروں کو کامیاب کرکے کرپٹ وناہل لوگوں سے ووٹ کی طاقت سے اپنی محرومیوں کا انتقام لیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کندھکوٹ میں ضلع کشمور کے ذمے داران اوربلدیاتی امیدواروں کے اجلا س سے خطاب کے دوران کیا،جس میں دیگردعوتی وتنظیمی امور کے علاوہ بدیاتی انتخابات کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا گیا،صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا،ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالحفیظ بجارانی،قائم مقام امیرضلع بشیراحمد حاجانو،جنرل سیکرٹری جان گل خلجی ،یوتھ کے ضلعی صدرغلام مصطفیٰ میرانی،الخدمت کے جنرل سیکرٹری الیاس نورچنا،اورصوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگرمقامی ذمے داران بھی اس موقع پرساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیر نے میونسپل کمیٹی کندھ کوٹ کے وارڈ نمبر 05 سے ترازو کے نشان پربلامقابلہ کامیاب جنرل کونسلر شبیراحمد میرانی کو ہارپہنا کرمبارکباد دی۔ انہوں نے مزید کہاکہ پی ٹی آئی کی طرح شہباز شریف کی قیادت میں قائم پی ڈی ایم حکومت بھی مہنگائی کے خاتمے،ڈالرکے کنٹرول اورعوام کے بنیادی مسائل حل کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔