اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) ایم ڈی پی ٹی ڈی سی رانا آفتاب نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی دوروزہ بین الاقوامی ٹورزم انویسٹمنٹ کانفرنس اور ایکسپو 12 اور 13اگست کو پی سی ہوٹل راولپنڈی میں منعقد ہوگی اور کہاہے کہ اسلام آباد کو ماڈل گیٹ وی سٹی آف ٹورزم بنائیں گے، خیبر پختونخوا میں 4 اور پنجاب میں 3 نئے سیاحتی زون بنانے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں پاکستان کی پہلی ٹورزم انویسٹمنٹ کانفرنس سے متعلق تقریب کا انعقاد کرایا گیا جس میں برینڈ ڈیزائنرکے چیف ایگزیکٹیو آفیسررؤف راجہ سمیت پاکستان میں ہوٹل انڈسٹری سے وابستہ نامور شخصیات، سول سوسائٹی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، تقریب کے مہمان خصوصی ایم ڈی پی ٹی ڈی سی رانا آفتاب تھے، تقریب کا مقصد پاکستان انٹرنیشنل ٹورزم انویسٹمنٹ ایکسپور کانفرنس کی بریفنگ تھا اور پاکستان سیاحت کو فروغ دینا اور پاکستان کے سیاحتی مقامات کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سفارشات پر غور کرنا تھا۔ اس موقع پر سی او برین ڈیزائنر رؤف راجہ نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ٹورزم ایکسپو کا مقصد پاکستان کی سیاحت ہاسپٹلٹی اور ثقافت کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے انہوں نے کہا اس ایکسپو میں بیرونی ممالک سے ہوٹل انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کار بھی شریک ہوں گے – پاکستان سے جے سیون گروپ ، بلیو ورلڈ سٹی ، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن ، نیو میٹرو سٹی گجرخان ، لیک شور سٹی ،پاکستان کے نامور ہوٹلز، ٹور اپریٹرز ، پاکستان میں موجود سفارت خانے جس میں ملیشیا آذربائیجان قزاکستان اور رائل تھائی سرمایہ کاری اور ٹورزم کے حوالے سے سٹالز لگائیں گے ۔