اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستانی سینیٹ نے کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے 5 اگست 2019ء کو یوم سیاہ قرار دینے کیلئے ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی ہے ، جب بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کیلئے بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور 35A کو منسوخ کردیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا نے 5اگست 2019ء کا بھارتی غیر قانونی اقدام مسترد کیا جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی براہِ راست خلاف ورزی تھی اور جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنا تھا۔سینٹ نے مقبوضہ علاقے میں قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری جاری انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر سنگین خلاف ورزیوں اور بھارتی حکومت کی طرف سے اپنی فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔یہ قرارداد حق خودارادیت سے متعلق اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی تصدیق کرتی ہے۔