پشاور (نیٹ نیوز)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے عمران خان کے قتل سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہےکہ دہشتگردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے تھریٹ الرٹ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگرد، سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے۔
حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنما ان خدشات کا اظہار کرچکے ہیں کہ سابق وزیراعظم کو قتل کرنے کے لیے ایک ٹارگٹ کلر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
مذکورہ تھریٹ الرٹ کے متن کا اشتراک مختلف فورمز پر کیا گیا ہے جس کے مطابق افغانستان کے ایک قاتل کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ عمران خان کو ٹارگٹ کرے جب کہ قاتل نے یہ ذمہ داری دوسروں کے سپرد کی تھی، تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ تھریٹ الرٹ کے تناظر میں سابق وزیر اعظم کی سکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔
خیبر پختونخوا کے ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی ہے کہ سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ 18 جون کو جاری کیا تھا۔