کراچی(نمائندہ خصوصی) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے 17کڑوڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ گزری فٹ بال اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، یوسی چیئرمین اور پیپلز پارٹی ساتھ کے جنرل سیکرٹری کرم اللہ وقاصی، پیپلز پارٹی ضلع جنوبی کے صدر خلیل حوت، کراچی نیبر ہڈ انپرومنٹ پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹر نذیر میمن اور دیگر مقامی رہنما اور افسران بھی موجود تھے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے تختی کی نقاب کشائی کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگلے ایک ماہ میں کراچی کے شہریوں کو نیبر ہڈ اسکیم کے تحت 23 پروجیکٹس مکمل کرکے دیں گے، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور کے ایم سی کے فنڈز سے جاری ترقیاتی منصوبے اس کے علاوہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ضابطے کے مطابق اپنی مدت مکمل کررہی ہے لیکن پاکستان پیپلز پارٹی یہاں ہے اور یہیں رہے گی، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب کے نتیجے میں چہرے تبدیل ہوئے ہیں لیکن نظام وہی ہے، لیکن اب ماضی کی طرح اختیارات کا رونا نہیں رویا جارہا، کام کرکے دکھایا ہے اور کام کرکے دکھائیں گے، انہوں نے کہا کہ باغ ابن قاسم میں شہریوں کے لیے واکنگ ٹریک اور سائیکل ٹریک بنایا جارہا ہے، ہفتے میں دو دن خواتین کے لیے مختص ہونگے جہاں وہ آزادی کے ساتھ چہل قدمی اور سائیکلنگ کرسکیں گی، انہو ں نے کہا کہ پی این ٹی کالونی میں قلندری گرانڈ کا کام بھی اسی ماہ مکمل کرلیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ وزیر اعلیة سندھ نے سیف سٹی پروجیکٹ کا افتتاح کردیا ہے جبکہ 25 ارب روپے کی لاگت سے این ای ڈی یونیورسٹی کے توسط سے آئی ٹی پارک بنایا جارہا ہے، جس سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا، انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے ہم نے لیاری کے قدیم ککری گرانڈ کو جدید پیپلز اسپورٹس کمپلیکس میں تبدیل کرکے دکھایا ہے، 14 اگست سے اس کمپلیکس میں ایک بڑا فٹبال ٹورنامنٹ منعقد ہونے جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی فٹ بال سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے اور لیاری اس کا گڑھ ہے، انہوں نے کہا کہ ہم پر جو تنقید کی جاتی ہے ہم اس کاجواب کام کرکے دیں گے، انہوں نے کہا کہ گزری کی عوام سے میں درخواست کرتا ہوں کہ اس گرانڈ کو اپنا سمجھیں اور اس کی حفاظت کریں۔