نوابشاہ(نمائندہ خصوصی) وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نواب شاہ پہنچ گئے،پیپلز میڈیکل اسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمیوں کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کی دعا کی اس موقع پر انہوں اسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے،اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلی کو کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شہریارمیمن نے حادثے پر ابتدائی بریفننگ دی۔اس موقع پر میڈیا گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہاکہ حادثے میں ابھی تک 30 افرد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ سینکڑوں مسافر زخمی ہوئے ہیں سندھ حکومت زخمیوں کو ہر ممکن اچھے علاج کی سہولیات فراہم کرے گی حادثے میں ٹرین کی 9 بوگیوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ ایک بوگی انتہائی مخدوش ہے جسے کلئیر کیا جارہا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہاکہ حادثہ بہت بڑا تھا ضرورت پڑنے پر فوج سے بھی مدد لے سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ غفلت میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا،حادثے کیسے ہوا ہے اس کے متعلق تحقیقات ہونی چاہئے سندھ حکومت جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ ہے اور جابحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے