اٹک (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سزا کے بعد پہلی رات اٹک جیل میں گزاری۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو 3 سال قید کی سزا سنائی تھی، عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جان بوجھ کر جھوٹ بولا، توشہ خانہ سے ملنے والے تحفوں کی غلط معلومات دیں جو بعد میں غلط ثابت بھی ہوگئیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی بدنیتی کسی شک و شبہ کے بغیر ظاہر ہوگئی، ان کے خلاف بھرپور شواہد موجود ہیں۔اسلام آباد کی سیشن عدالت کے فیصلے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور میں ان کی زمان پارک والی رہائش گاہ سے گرفتار کرکے اٹک جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے پہلی رات جیل میں گزاری۔نجی ٹی وی کے مطابق نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جیل کے ایک اہلکار نے بتایا کہ عمران خان کے لیے جیل میں ایک وی وی آئی پی سیل تیار کیا گیا تھا، سیل میں ایئر کنڈیشننگ (اے سی) کی کوئی سہولت نہیں تاہم وہاں ایک پنکھا، بستر اور ایک واش روم موجود ہے۔