کراچی(نمائندہ خصوصی)اسپیکر سندھ اسمبلی نے آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ سندھ کے پارلیمانی صحافیوں نے ایوان کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے ہمیشہ مثبت روایات کی بنیادد ڈالی ہے، اسی لئے پیپلزپارٹی کے ادوار میں صحافیوں کی تعریفی اسناد کے ذریعے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ان کے جائز مسائل پر توجہ بھی دی جاتی ہے، جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن کے ارکان اٹھا ئے ہوئے نکات اور پیغام عوام تک صحافی پہنچاتے ہیں ۔ سندھ اسمبلی نے صحافیوں کی پروٹیکشن کے بل منظور کرائے ۔پیپلز پارٹی اور جرنلزم چولی دامن کا ساتھ ہے ۔ اپوزیشن لیڈر رعنا انصار نے کہا کہ صحافیوں کے بغیر سندھ اسمبلی کی کارکردگی کا تجزیہ کرنا مشکل ہے ، اصلاح میں میڈیا کا کردار ہے اور ہم صحافیوں سے بہت کچھ سیکھتے ہیں، حکومت صحافیوں کے صحت کارڈ کے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شام سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں گزشتہ پانچ برسوں میں اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافیوں کو تعریفی اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر گیان چند ، سیکریٹری سندھ اسمبلی جی ایم عمر فاروق ، سینئر صحافی حبیب خان غوری ، محمد منیر الدین ،کامران رضی ، ارکان سندھ اسمبلی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ ہم نے پانچ سال پہلے بھی اسناد دیں تھیں ۔ مجھے دس سال ہوگئے اسپیکر بنے ہوئے ۔فخر ہوتا ہے کہ ہمارے صحافی اچھا کام کرتے ہیں اور اچھی روایات کے امین ہیں ۔دیگر صوبوں کی اسمبلیوں میں اس طرح کام نہیں ہوتا۔سب سے زیادہ قانون سازی سندھ اسمبلی نے کی یہ میرے لیئے قابل فخر ہے ۔ہو سکتا ہے کہ اگلی اسمبلی میں اسپیکر میں نا ہوں ، امید ہے کہ آئندہ آنے والا اسپیکر ان مثبت روایات کو جاری رکھے گا۔