لاہور/ کراچی/ فیصل آباد/ پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے مختلف شہروں میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی گرفتاری پر احتجاج کرنے والے 45 افراد کو حراست میں لے لیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان ملک کے مختلف شہروں میں سراپا احتجاج ہیں، پولیس نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 45 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے زمان پارک کے باہر سے 20 افراد کو حراست میں لیا، حراست میں لیے جانے والے افراد کو تھانہ سول لائنز میں منتقل کر دیا گیا، زیر حراست افراد چئیرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری پر احتجاج کر رہے تھے، پولیس کی نفری تاحال زمان پارک کے باہر موجود ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین کی گرفتاری کے بعد کراچی پریس کلب کے باہر بھی کارکنان کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس کے بعد پریس کلب کے باہر پولیس کی نفری تعینات کردی گئی، لیڈیز پولیس اہلکار بھی پریس کلب کے باہر موجود رہیں‘ پولیس نے احتجاج کیلئے آنے والے 10 افراد کو حراست میں لے لیا۔ فیصل آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنان نے کونسل چوک میں احتجاج کیا، پولیس نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما اور 2 خواتین کارکنوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار ہونے والوں میں میاں اوضی، ادیبہ نذر اور مقدس شامل ہیں۔ پشاور میں 12 مظاہرین کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔