اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ شازیہ مری نے آل پاکستان بی آئی ایس پی ایمپلائز کوآرڈینیشن کمیٹی جانب سے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ کے خواب کی تعبیر کے تحت ملک کے 90 لاکھ خاندانوں کی خدمت کرتا ہے اور ادارے کے ملازمین اس خدمت کو عبادت کے طور پر سر انجام دیتے ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کردہ تقریب بی آئی ایس پی ملازمین کی جانب سے انکے کے دیرینہ مسائل کو حل کرنے پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی سرشار کوششوں کو تسلیم کرنا اورملازمین کی جانب سے انکا شکریہ ادا کرنا تھا۔
بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران وفاقی وزیر محترمہ شازیہ مری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی تکمیل کے لیے پروگرام کے عزم کے بارے میں پرجوش انداز میں بات کی۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی مزدوروں اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھانا ہمیشہ سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب رہا ہے۔
بی آئی ایس پی کے ملازمین کی ان کی نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے، محترمہ شازیہ مری نے 15 سالوں کے دوران، بنیادی فوائد کی عدم موجودگی میں بھی ان کی ثابت قدمی کا اعتراف کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملازمین نے اپنی انتھک کوششوں کے ذریعے ملک بھر میں 90 لاکھ خاندانوں کی کفالت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ماضی میں بی آئی ایس پی ملازمین کے جائز مطالبات کو نظر انداز کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے محترمہ شازیہ مری نے کہا کہ ملازمین کی محنت کو نظر انداز کیا جاتا رہا ، حالانکہ یہی ملازمین، سیلاب، آندھی، طوفان، گرمی ، سردی میں اپنے فرائض بخوبی نبھاتے رہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق گھرانوں کو نہ صر ف مالی معاونت فراہم کرتا ہے بلکہ ان گھرانوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بھی بناتا ہے۔
وفاقی وزیر نے حاضرین کو بتایا کہ گریڈ 1 اور 2 کے ملازمین کی ٹائم سکیل پروموشنز کے ساتھ کنٹیجینٹ ملازمین کو ریگولر کر دیا گیا ہے۔ محترمہ شازیہ مری نے یہ بھی بتایا کہ بورڈ کے حالیہ اجلاس میں کنٹریبیوٹری پروویڈنٹ فنڈ کو بھی منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی ملازمین کی پروموشن کے دیرینہ مطالبات اب حقیقت بن چکے ہیں۔ گریڈ 16 اور 17 کا کوٹہ 100 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اسی طرح گریڈ 1 سے 11 تک کا کوٹہ 20 فیصد تک بڑھا دیا گیا ہے۔
محترمہ شازیہ مری نے حاضرین کو گزشتہ سال میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی نمایاں کامیابیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے فخریہ طور پر اعلان کیا کہ بی آئی ایس پی نے گزشتہ سال کے دوران نہ صرف اپنے تمام اہداف کو پورا کیا بلکہ اس سے بھی زیادہ اچھی کارکردگی کا مظاہر کیا۔
بعد ازاں محترمہ شازیہ مری نے عالمی بینک کے مشن کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ اجلاس کا مقصد پروگرام کی پیشرفت کا جائزہ ، مسائل کی نشاندہی کرنا اور بہتری کے لیے تجاویز پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر عالمی بینک کے مشن نے معاشرے کے پسماندہ طبقے کے لیے بی آئی ایس پی کے کردار اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔ میٹنگ میں جناب امجد ظفر خان (سینئر سماجی تحفظ کے ماہر/ٹاسک ٹیم لیڈر)؛ میلس یو گوون (لیڈ اکانومسٹ/کو-ٹاسک ٹیم لیڈر)؛ زینب مجوکہ (سوشل پروٹیکشن اکانومسٹ) اور ورلڈ بینک کے کنسلٹنٹ گل نجم جامی جبکہ بی آئی ایس پی کی جانب سے سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر طاہر نور اور مختلف ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز نے شرکت کی۔