کراچی(نمائندہ خصوصی) ایف آئی اے نے کراچی ایئر پورٹ پر لگے فیس ریکگنیشن ڈیٹا بیس کے لیے سندھ پولیس سے کریمنلز کا ڈیٹا مانگ لیا، سندھ پولیس سے ڈیٹا منسلک ہونے سے بیرون ملک فرار کی کوشش کرنے والے ملزمان کو پکڑا جا سکے گا۔ذرائع نے بتایاکہ ایف آئی اے امیگریشن نے چند ماہ قبل کراچی ایئر پورٹ پر فیس ریکگنیشن سسٹم فعال کیا تھا، ایئر پورٹ پر لگے کیمروں کو بھی فیس ریکگنیشن سسٹم سے لنک کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے کے فیس ریکگنیشن (چہرے کی شناخت) سسٹم ملک بھر میں صرف کراچی ایئر پورٹ پر فعال ہے۔ایف آئی اے ذرائع کے مطابق اسلام آباد، لاہور سمیت دیگر انٹرنیشنل ایئر پورٹس پر فیس ریکگنیشن نظام فعال نہیں ہے۔ذرائع کے مطابق کسی بھی جرم میں ملوث ملزم کے ایئر پورٹ پر لگے کیمروں سے گزرنے پر ایف آئی اے مانیٹرنگ روم میں الارم بجے گا، جدید نظام سے مجرموں کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے میں مدد ملے گی۔