تل ابیب(نیٹ نیوز)
اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نےاسرائیل سے سیل فون ہیکنگ ٹیکنالوجی خرید لی ، حاصل کی گئی فون ہیکنگ ٹیکنالوجی ایف آئی اے اور پولیس استعمال کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی خفیہ ایجنسی نے اسرائیل سے موبائل فون ہیکنگ ٹیکنالوجی خرید لی اور اسرائیلی کمپنی سے ٹیکنالوجی کے آلات سنگاپور کے ذریعے حاصل کئے۔اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے حاصل کی گئی فون ہیکنگ ٹیکنالوجی ایف آئی اے اور پولیس استعمال کرتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی اور ملک میں پولیس کے مختلف یونٹ دو ہزار بارہ سے اسرائیلی سائبر ٹیکنالوجی فرم سیلبرائٹ کی تیار مصنوعات استعمال کر رہے ہیں۔سیلبرائٹ کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے یہ آلات صرف سیکیورٹی اداروں کوفروخت کیے جاتے ہیں اور یہ ٹیکنالوجی دہشت گردی سمیت سنگین جرائم سے مقابلے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق بیلاروس، چین، یوگنڈا، وینزویلا، انڈونیشیا، فلپائن، روس، ایتھوپیا اور بنگلا دیش اسرائیلی فرم کےکلائنٹس میں شامل ہیں۔