مظفرآباد (نمائندہ خصوصی ) سربراہ مسلم لیگ قیوم سید فقیر حسین بخاری کی پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس۔ انہوں نے کہا کہ اس بات پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور کسی کو بھی اس بات پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے کہ پاکستان کا نقشہ جموں کشمیر کے ساتھ مکمل ہوتا ہے۔ جب تک اس نقشے پر متنازعہ کشمیر مکمل طور پر پاکستان کے ساتھ شامل نہیں ہو جاتا ہم سمجھتے ہیں کہ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے موجودہ کردار پر انگلی اٹھتی رہے گی اور دنیا کے کونے کونے سے "کشمیر بنے گا پاکستان” کی آواز سنائی دے گی۔
سید فقیر حسین بخاری نے کہا کہ عالمی ریکارڈ پر موجود ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اقوامِ متحدہ کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بدترین دہشت گردی کی اور مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا کر کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ پوری دنیا میں بھارت کا مکار و مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آیا لیکن اقوام متحدہ سمیت عالمی طاقتیں آج تک خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں نے بھارتی اقدامات کی بھرپور مذمت کی اور ہر سال 5 اگست کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منا کر بھارتی اقدامات کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ قیوم کے بانی خان عبدالقیوم خان تحریک پاکستان کے وہ واحد رہنما ہیں جنہیں آزاد کشمیر کو دشمن سے آزاد کروانے کا اعزاز حاصل ہے۔
سید فقیر حسین بخاری کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے جو اپنے وسائل میں رہ کر اپنے مسائل کا حل نکالنا جانتا ہے۔ دشمن ہماری مصلحت کو ہماری کمزوری ہر گز نا سمجھے۔ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک ہے۔ لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو بھارت کو ایسا سرپرائز دیا جائے گا جسے صدیوں یاد رکھا جائے گا۔
معزز صحافی بھائیوں، پاکستان مسلم لیگ قیوم ملک و قوم کے کیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ ہم نے کچھ ماہ قبل بھی کشمیریوں کے حق میں مظفرآباد اور لندن میں احتجاج ریکارڈ کروایا تھا اور باقاعدہ ایک یاد داشت خطے کے امن کے حوالے سے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر کو پیش کی تھی۔ سربراہ مسلم لیگ قیوم نے کہا کہ آج ایک بار پھر ہم اپنا احتجاج ریکارڈ کروانے مظفرآباد میں موجود ہیں اور 5 اگست 2019 کو اٹھائے گئے بھارتی اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے لیکن ہم رکنے والوں میں سے نہی۔ ہم آپکو اپنا لائحہ عمل سے آگاہ کرنا چاہتے ہیں کہ 04 اگست بروز جمعہ دن 3 بجے ہم احتجاجی واک کرتے ہوئے یو این فوجی مبصر تک جائیں گے اور انہیں ایک اور یاد داشت پیش کریں گے۔ جس پر کشمیریوں کے حقوق کی بحالی اور اس خطے میں موجود دیرینہ متنازعہ مسئلہ جموں کشمیر پر اقوام متحدہ کو جگانے کی کوشش میں یو این فوجی مبصر کو ایک یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا جموں کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
سید فقیر حسین بخاری نے کہا کہ بھارت اپنے گھناؤنے عزائم کے ذریعے کشمیر کے علاؤہ بھارت کے اندر اقلیتوں کو بھی ذبح کر رہا ہے۔ ہم بھارت کو علاقے کا تھانیدار بننے نہیں دینگے۔ بھارت جس طرح کشمیریوں پر ظلم و ستم کر رہا ہے اسی طرح بھارت میں بسنے والی اقلیتی برادریوں پر بھی ظلم ڈھا رہا ہے اور انکی نسل کشی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں ایک ایسا ناسور ہے جسکی وجہ سے کسی بھی وقت جنگ کا طبل بج سکتا ہے۔ بھارت سے اسکا کوئی پڑوسی ملک بھی خوش نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ قیوم اقوام متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتی ہے کہ آپ بھارتی مظالم پر اپنی آنکھیں بند کرنے کے بجائے بھارت کو لگام دیں، کشمیریوں کو انکا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دیں اور اسیر کشمیری رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔ پریس کانفرنس میں پاکستان مسلم لیگ قیوم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری انفارمیشن فیصل انور، صدر یوتھ ونگ و سوشل میڈیا سید ثقلین بخاری اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔