اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی آزادی کی جدوجہد میں انکے شانہ بشانہ ہے۔
قمر زمان کائرہ نے پی ٹی وی نیوز کو ایک خصوصی انٹرویو میں کہا کہ ۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری تمام عالمی فورمز پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھارہے ہیں اور انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو عالمی فورمز پر بے نقاب کیاہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے مؤثر طورپر کشمیریوں کے لیے آواز بلند کر کے کشمیریوں کے حقوق کی پاسداری کی ہے۔انہوں نے بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر جاری سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔5اگست کو یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کشمیریوں کی اپنے ناقابلِ تنسیخِ حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال جدوجہد پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہر پاکستانی کشمیریوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے اور ہمارا پختہ یقین ہے کہ کشمیری ظلم اور غیر قانونی قبضے سے آزادی کے لیے اپنی جدوجہد میں جلد کامیاب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر شہری جموں کشمیر تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے ، وہ جموں کشمیر کے عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔