کراچی (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حالات کیسے بھی ہوں لوگوں کو ریلیف دیا جائےگا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ کہا کہ سندھ حکومت نے عوام کو میڈیکل سہولیات فراہم کی ہیں، یونٹس گھر گھر اور محلے محلے بھیج کر علاج کر رہے ہیں، ملک میں اس وقت مہنگائی کا ایک طوفان چل رہا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پٹرول کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا ہے، سندھ حکومت سوچ رہی ہے کس طرح عوام کو ریلیف فراہم کریں، عوام کو بنیادی طبی سہولیات اسپتال اور گھر پر مہیا کیا جارہا ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیلاب کے دوران بھی سندھ نے ریلیف کے کام کیے، حالات کیسے بھی ہوں لوگوں کو ریلیف دیا جائےگا، سندھ بھر میں 21 لاکھ افراد کو گھر بنا کر دے رہے ہیں، خواتین کو بھی مالکانہ حقوق فراہم کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ خواتین کو امپاور کرنے کیلئے کہیں بھی کام نہیں ہورہا، صرف تنقید کی جاتی ہے، تنقید کرنے والوں کا مقصد صرف سیاست چمکانا ہے۔شرجیل میمن نے بتایا کہ تھرپارکر سے کوئلہ نکالا جارہا ہے جو بجلی بحران حل کر سکتا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سستی بجلی کیلئے تھر سے کوئلہ نکال رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے اچھا کام کیا ہے تو اس کو سراہنا چاہیے، ہمارا جینا اور مرنا اسی ملک میں ہے، ہمیں بہت سی چیزیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ مسائل کو حل کرنے کیلئے سب کو ایک قوم بننا پڑے گا، بلاول بھٹو پورے پاکستان کو متحد ہونے کا نعرہ دے رہے ہیں، پوری دنیا میں پاکستان کا بہتر تشخص اجاگر کرنا چاہیے۔