کراچی (نمائندہ خصوصی)گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں بجلی پیداوار ، صوبہ میں بجلی کی تسلسل سے فراہمی اور وفاقی حکومت کے اقدامات پر بات چیت ہوئی ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ معاشی ، صنعتی اور کاروباری ترقی میں توانائی کا کلیدی کردار ہے اس لئے معاشی شہ رگ کراچی میں تسلسل سے بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت رہائشی علاقوں کے ساتھ ساتھ صنعتی اور کاروباری علاقے بجلی کی عدم فراہمی سے متاثر ہیں اس ضمن میں کے الیکٹرک کو بجلی کی تسلسل سے فراہمی کا پابند کیا جائے ۔وفاقی وزیر برائے توانائی خرم دستگیر نے گورنرسندھ کو بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور طلب میں فرق کے خاتمہ کے لئے کوششیں جاری ہیں اور وہ خود کے الیکٹرک حکام سے شہر سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ پر بات کریں گے ۔