کراچی(نمائندہ خصوصی) پاک بحریہ کے ملجم کلاس جہاز پی این ایس طارق کی لانچنگ کا انعقاد کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں ہوا جس میں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں جمہوریہ ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز بھی شریک ہوئے۔ پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے ملجم کلاس جہاز ٹیکنالوجی کے لحاظ سے جدید ترین پلیٹ فارم ہیں۔ یہ بحری جہاز جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز اور ہتھیاروں سے لیس ہوں گے۔ پاکستان کے لیے چار ملجم کلاس بحری جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ وزارت دفاعی پیداوار پاکستان اور ایم ایس اسفات (ترک فرم) کے درمیان 2018 میں طے پایا تھا۔ منصوبے کے تحت، استنبول نیول شپ یارڈ میں دو جہاز زیر تعمیر ہیں جبکہ دیگر دو جہاز کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان نے اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے وزارت دفاعی پیداوار پاکستان ، وزارت قومی دفاع ترکیہ، ایم ایس اسفات اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی بروقت تکمیل کے لیےمشترکہ کوششوں اور پاک بحریہ کے تعاون کو سراہا اور کامیاب لانچنگ پر ان کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا تعلق تاریخی اہمیت کا حامل ہے اور دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ترکیہ کے نائب صدر جودت یلماز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اورمستقبل میں مزید دفاعی تعاون کے امکانات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کراچی شپ یارڈ اور ایم ایس اسفات کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فعال انداز اپنانے پر زور دیا۔انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اورترکیہ میں زلزلے پر پاکستانی عوام کی طرف سے امداد پر شکریہ ادا کیا۔ ایڈمرل امجد خان نیازی نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر روشنی ڈالی کہ یہ جہاز پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کریں گے اور خطے میں امن و سلامتی کو فروغ دیں گے۔ امیر البحر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ نے خود انحصاری کی پالیسی کو ترجیحی بنیادوں پر اپنایا جس کے سبب آج ملکی سطح پر جدید جنگی جہاز تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ قبل ازیں، ایم ڈی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس ریئر ایڈمرل سلمان الیاس نے اپنے استقبالیہ خطاب میں اس بات پر روشنی ڈالی کہ کراچی شپ یارڈ دفاعی جہاز سازی کی صنعت میں خود انحصاری کے لیے حکومت پاکستان کے طے کردہ اہداف سے پوری طرح باخبرہے۔ تقریب میں پاک بحریہ، ایم ایس اسفات اور کراچی شپ یارڈ کے افسران اور اہم نمائندوں سمیت پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔