کراچی( نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و ملک کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفہ پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک سے غربت، بھوک اور بیروزگاری کا خاتمہ کریں گے، اور پارلیمان و جمہوریت کو مضبوط بناکر سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں اسلامی دنیا کی پہلی منتخب وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 69 ویں یومِ ولادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
شہید محترمہ بینظیر بھٹو ایک سوچ اور راستے کا نام ہے، جو عوام کو محرومیوں سے نجات اور آنے والی نسلوں کو ترقی یافتہ و مہذب معاشرہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کی کامیابی ہے کہ ملک میں آج حقیقی جمہوری قوتیں متحد ہوکر ملک کو درپیش مشکلات سے باہر نکالنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ملک و قوم کے لیئے اپنی خدمات، جدوجہد اور عوام سے بے لوث محبت کے جذبے سے سرشار ہونے کی وجہ سے تاریخ میں ہمیشہ زندہ و جاوید رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اصول لیئے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گے۔